اڈپی،15؍دسمبر (ایس او نیوز) سوشیل ایکٹیوسٹ آلوین اندراڈے پانڈیشور اور ان کی ایک ٹیم نے ڈپٹی کمشنر جی جگدیشا سے ملاقات کی اور انہیں ایک میمورنڈم دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مچھلیوں کو سڑنے سے بچانے کے لئے جوماہی گیر یا مچھلی فروش فارمولین جیسے زہریلے کیمیکل کا استعما ل کررہے ہیں ان کے خلاف سخت سےسخت کارروائی کی جائے۔
میمورنڈم قبول کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ اس پرتوجہ دیں گے اور متعلقہ محکمہ جات کو اس ضمن میں فوری مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کریں گے۔ ڈی سی سے ملاقات کرنے والی ٹیم ’ابھیمتا‘میں ایڈوکیٹ چوراڈی کرشنا راج شیٹی، ونئے کمار کابیاڈی اور وسنت گیلیاری شامل تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مچھلیوں میں زہریلے مادے کا استعمال کرنا ایک سنگین جرم ہے، اس لئے انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے اس مسئلے پر قانونی کارروائی کرنے کے لئے میمورنڈم دیا ہے۔
خیال رہے کہ فارمولین ایک کیمیکل ہے جو جسم کے اعضا یا حصوں کو محفوظ رکھنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ ماہی گیر اور مچھلی فروش اس مادے کو مچھلیوں کو سڑنے سے محفوظ رکھنے کے لئے استعمال کررہے ہیں۔ جبکہ ماہرین کا خیال ہے کہ چونکہ فارمولین کینسر جیسے مرض کا سبب بنتا ہے اس لئے اس مادے کو مچھلی اوردیگر کھانے والی چیزوں کومحفوظ رکھنے کے استعمال کرنا انسانی صحت کے لئے بہت ہی خطرناک اور نقصان دہ ہے۔